الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سیاسی جماعت عوام پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات مقررہ مدت میں منعقد نہ کرنے پر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عوام پاکستان نے قانون کے مطابق مقررہ مدت کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد نہیں کیاجس کے باعث الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت کارروائی کرتے ہوئے جماعت کو ڈی لسٹ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیروزگاری انتہاپر،آئی ایم ایف رپورٹ عوام سے چھپائی گئی، شاہد خاقان عباسی
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ الیکشن ایکٹ کے مطابق مقررہ وقت پر انٹرا پارٹی انتخابات کرائیں بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ سابق الیکشن کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر رہنمائوں نے مسلم لیگ(ن) سے علیحدگی اختیار کرکے عوام پاکستان پارٹی قائم کی تھی۔
عوام پاکستان پارٹی میںسابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسردار مہتاب احمد خان نے بھی عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن اس کے بعد کسی اہم شخصیت نے عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی۔
عوام پاکستان پارٹی کا کہنا ہےکہ عوام پاکستان ایک عوامی سیاسی تحریک ہے جو ایک خوشحال، منصفانہ اور جامع پاکستان کی تعمیر کے لیے وقف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دل کی تکلیف ہونے پر طبی معائنہ، 2 اسٹنٹ ڈالے گئے
شفافیت، جوابدہی اور ثبوت پر مبنی پالیسی سازی کے اصولوں پر قائم، ہم یقین رکھتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی عام شہریوں کو اپنے ملک کے مستقبل کو تشکیل دینے کی طاقت دینے سے آتی ہے۔
عوام پاکستان پارٹی کا منشور ہے کہ ہم محض ایک اور سیاسی جماعت نہیں ہیں۔ ہم زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی ایک تحریک ہیں جو سیاست سے پہلے لوگوں کو، نعروں سے پہلے حل کو، اور ذاتی فائدے سے پہلے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔




