اسلام آباد ، کراچی (کشمیر ڈیجیٹل ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دل میں تکلیف محسوس ہونے پر الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے فوری ان کا طبی معائنہ کیا ۔
طبی ذرائع کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا اور ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ ان کے دل کی دو شریانیں بند تھیں ۔ ڈاکٹروں نے ہنگامی بنیادوں پر ان کا آپریشن کرکے دو اسٹنٹ ڈال دئیے ۔
اہل خانہ کے مطابق ان کی طبی حالت اب پہلے سے بہتر ہے اور ڈاکٹرز نے بھی انہیں خطرے سے باہر قرار دے دیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر دفاع خواجہ آصف نے طورخم بارڈر کھولنے کی اصل وجہ بتا دی
دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کی نمازِ جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مسجد بیت الاسلام میں ادا کی گئی ۔
جنازے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، نثار کھوڑو سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔ نماز جنازہ کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا ۔
اس موقع پرصدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے مالی سال 2026 کیلئے تارکین وطن کو ویزا دینے کی حد مقرر کر دی
ان کا کہنا تھا کہ آفتاب شعبان میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے ، وہ ایک سینئر پارلیمنٹیرین اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے انتہائی مخلص رہنما تھے ۔
صدر نے مرحوم کی جمہوری جدوجہد ، وفاق کے استحکام اورعوامی خدمت کے لیے کی گئی خدمات کو سراہا ۔ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ۔




