مکہ مکرمہ:وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے دوران مکہ مکرمہ میں واقع قصر الصفاء پہنچ گئے، جہاں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان قصر الصفاء میں دوطرفہ ملاقات شروع ہوگئی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی موجود ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ترک صدر کے بھی دورہ سعودیہ کا اعلان، ولی عہد شہزادہ محمد اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات طے
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر گفتگو متوقع ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع، اقتصادی روابط کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے ، پرتپاک استقبال، اہم ملاقاتیں متوقع
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف امور کا جائزہ بھی لیں گے۔




