ہٹیاں بالا: شارٹ سرکٹ: تین منزلہ مکان جل کر خاکستر، لاکھوں مالیت کا نقصان

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل، عمر بھٹی راجپوت) جہلم ویلی کے علاقے کوپرا میں شارٹ سرکٹ کے باعث تین منزلہ مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں مکان میں موجود قیمتی سامان سمیت تمام گھریلو اشیا جل کر خاکستر ہوگئیں، جبکہ متاثرہ خاندان کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان اٹھانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم ویلی کے علاقے کوپرا میں چوہدری قاسم ولد فیروز دین کا تین منزلہ مکان اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ آگ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے مکان کی تینوں منزلیں اور اندر موجود گھریلو سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:27 ستمبر لانگ مارچ : پولیس کا مشاورتی اجلاس پر دھاوا، خواجہ فاروق ساتھیوں سمیت گرفتار

اطلاع ملنے پر اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم آگ کی شدت کے باعث مکان اور سامان کو بچانا ممکن نہ ہوسکا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران کوپرا میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل چوہدری ہدایت اللہ مرحوم کا دو منزلہ مکان بھی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی نذر ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں متاثرہ خاندان کو بھی بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

مسلسل پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات پر اہل علاقہ میں تشویش پائی جارہی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات سے مطالبہ کیا ہے کہ کوپرا میں آتشزدگی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا فوری جائزہ لیا جائے اور انہیں سرکاری سطح پر مالی امداد اور ضروری ریلیف فراہم کیا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سبسڈائزڈ پٹرول کیلئے شہری شکایات ہیلپ لائن پر درج کروائیں، کمشنرطاہر ممتاز

عوامی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بجلی کے نظام اور تاروں کی حالت کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ شارٹ سرکٹ کے باعث بار بار پیش آنے والے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ محدود وسائل رکھنے والے متاثرہ خاندان اپنے گھروں اور جمع پونجی سے محروم ہوچکے ہیں، اس لیے حکومت متاثرین کو تنہا نہ چھوڑے اور فوری عملی اقدامات کرے۔