لندن (کشمیر ڈیجیٹل) برطانیہ میں پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں تحریک کشمیر کے زیر اہتمام ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر المسلمز کے چیئرمین نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنا پورا زور بھی لگا لے وہ تحریک آزادی کشمیر کو ختم نہیں کرسکتا۔۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک اب کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رہے گی کیونکہ یہ تحریک ہماری جنریشن سے نئی جنریشن کو منتقل ہوچکی ہے۔
نذیر احمد قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 ختم کرکے ہماری زمینوں اور جائیداد و املاک پر قبضہ کررہا ہے ‘ اس کے علاوہ بھارت ہندوازم بھی مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن ناکام ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یومِ استحصالِ کشمیر: لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر تحریکِ کشمیر کا تاریخی مظاہرہ
نذیر احمد قریشی کا مزید کہنا تھا کہ دس لاکھ بھارتی افواج کشمیری عوام کے سروں پر مسلط ہے مگر اہل کشمیر بھارت کے سامنے سرنگوں نہیں ہورہے ‘ بھارت نے پوری آزادی پسند قیادت اور ہزاروں نوجوانوں کو جیلوں میں قید کیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قیادت کو پھانسیوں کی سزا سنانے کی کوشش کی جارہی ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی صفیں مضبوط کریں کیونکہ دشمن ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنا چاہتا ہے ۔
نذیر احمد قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے ہمیں اپنے جذبات کو درست سمت دینی ہے تاکہ ہمارا دشمن ناکام ہو۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت آزادکشمیرپرسیاست سے باز رہے،پروپیگنڈا پھیلا کرمسئلہ کشمیر سے توجہ نہیں ہٹا سکتا،دفترخارجہ
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک بھارت کے ظلم و جبر کے نتیجے میں ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔۔ خود بھارتی جنرل اپنی حکومت سے کہتے ہیں کہ قوانین کی منسوخی اور تبدیلی سے تحریک آزادی کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔
نذیر احمد قریشی نے آخر پر سید علی گیلانی کا نام لیکر ان کا یہ مشہور نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے دوہرایا۔




