نیویارک (کشمیر ڈیجیٹل)امریکی ادارہ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) نے موڈرنا کی تیار کردہ ایک نئی طرز کی فلو ویکسین کو منظوری دیدی ۔
‘ایم فلوسیوا’ ویکسین ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی پہلی ایسی فلو ویکسین جسے امریکہ میں باقاعدہ منظوری مل گئی، یہی ٹیکنالوجی کورونا وبا کے دوران بنائی گئی ویکسینز کی بنیاد بھی رہی تھی۔
میسا چوسٹس کی کیمبرج میں قائم کمپنی موڈرنا کورونا وبا کے دوران اپنی ایم آر این اے ویکسین کی بدولت عالمی شہرت حاصل کر چکی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پونچھ: زمین دھنسنے سے 18 مکان تباہ،100افراد منتقل
کمپنی گزشتہ کچھ عرصے سے اسی ٹیکنالوجی کو دیگر بیماریوں، خصوصاً موسمی فلو کے خلاف بھی استعمال کرنے کی کوششوں میں مصروف تھی۔
فلو کی روایتی ویکسینز کے برعکس ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ویکسینز کہیں تیز رفتاری سے تیار کی جا سکتی ہیں، جس سے سائنسدانوں کو موسمی فلو کی گردش کرنے والی اقسام کے مطابق ویکسین کو بروقت ڈھالنے میں مدد ملتی ہے۔
‘ایم فلوسیوا’ کی منظوری کا سفر ہموار نہیں رہا۔ رواں سال فروری میں ایف ڈی اے کے حیاتیاتی مصنوعات کے شعبے کے اُس وقت کے سربراہ ڈاکٹر ونے پرساد نے ادارے کے اپنے تکنیکی ماہرین کی سفارش کو نظرانداز کرتے ہوئے موڈرنا کی درخواست پر غور کرنے سے ہی انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کمپنی کے فراہم کردہ اعداد و شمار کا معیار جائزے کے قابل نہیں۔ تاہم موڈرنا کی جانب سے اس فیصلے پر عوامی سطح پر ناراضی کے اظہار کے ایک ہفتے بعد ہی ایف ڈی اے نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کا وزیراعظم صحت کارڈ کو اے آئی سے ہم آہنگ کرنے کا بڑا فیصلہ
ڈاکٹر پرساد بعد ازاں اپریل کے آخر میں ادارے سے رخصت ہو گئے تھے۔ جون میں ایف ڈی اے کی آزاد مشاورتی کمیٹی نے متفقہ طور پر ووٹ دیا کہ نئی ویکسین کے فوائد اس کے ممکنہ خطرات سے کہیں زیادہ ہیں، جس کے بعد بدھ کو باقاعدہ منظوری جاری کر دی گئی۔
موڈرنا کا کہنا ہے کہ یہ نئی ویکسین آئندہ 27-2026 کے فلو سیزن کے لیے امریکی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی، جبکہ یورپی یونین، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی اسے ریگولیٹری منظوری کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فلو وائرس کی مسلسل تبدیل ہوتی نوعیت، جسے ‘اینٹی جینک شفٹ’ کہا جاتا ہے، کے پیشِ نظر ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ویکسینز مستقبل میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے زیادہ لچکدار اور تیزرفتار حل ثابت ہو سکتی ہیں۔
کن عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگی؟
‘ایم فلوسیوا’ فی الحال صرف 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بالغ افراد کے لیے مختص ہے۔ موڈرنا کے مطابق 40 ہزار سے زیادہ افراد پر کیے گئے مطالعے میں یہ ویکسین ایک دیگر روایتی فلو ویکسین کے مقابلے میں فلو کے کیسز روکنے میں تقریباً 27 فیصد زیادہ مؤثر پائی گئی۔
ایف ڈی اے نے 50 سے 64 سال کی عمر کے گروپ کے لیے مکمل منظوری دی ہے، جبکہ 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے یہ منظوری ‘فاسٹ ٹریک’ یعنی مشروط بنیادوں پر دی گئی ہے اور موڈرنا کو اس عمر کے گروپ کے حوالے سے مزید کلینیکل مطالعہ مکمل کرنے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔




