مظفرآباد:طوفانی بارشیں، الرٹ جاری، بلدیہ کا شہریوں سے ڈیزل اخراجات مانگنے کا انکشاف

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

تشویشناک صورتحال کے باوجود مظفرآباد لاری اڈہ میں منی کلاؤڈ برسٹ سے آنیوالے نالے میں جمع کچرا تاحال نہیں اٹھایا جا سکا جس کے باعث راہگیروں، ٹرانسپورٹرز، دکانداروں اور اڈہ میں کام کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یوم آزادی تقریبات کی تیاریاں: ڈپٹی کمشنر ساجد اسلم کی زیرصدارت اجلاس، اہم فیصلے

مقامی دکانداروں اور گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ نالے میں جمع کچرے کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کی صورت میں پانی کی روانی متاثر ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے جانی و مالی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

متاثرہ افراد نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ متعلقہ محکمہ بلدیہ نالے سے کچرا اٹھانے کیلئے ڈیزل کے اخراجات دکانداروں اور گاڑی مالکان سے طلب کر رہا ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یومِ استحصالِ کشمیر: لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر تحریکِ کشمیر کا تاریخی مظاہرہ

عوام نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نالے کی صفائی یقینی بنائیں تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔