اسلام آباد،راولپنڈی میں بارش ، نالہ لئی پر ہائی الرٹ،آزادکشمیر میں بھی طغیانی کی اطلاعات

ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں جس سے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کئی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کی بھی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سیوریج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے مظفرآباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل

راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ۔ مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے ، راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا

صورتحال کے پیش نظر واسا، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کی اہم شاہراہ مری روڈ، شکریال، گوالمنڈی، کٹاریاں اور دیگر علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔

ادھر نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد متعلقہ اداروں نے مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔

واسا کی ٹیمیں نکاسی آب کے کام میں مصروف ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھاری مشینری اور عملہ مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے نے بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں اور آنے والے دنوں میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے