مظفرآباد کے معروف بزنس مین اور سی ای او پرفیکٹ ڈیلز پرائیویٹ لمیٹڈ ملک اویس اعوان نے آزاد کشمیر میں اپنے پہلے پراجیکٹ “سیف علی اعوان آرکیڈ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ملک اویس اعوان کے والد درایمان اعوان، سینئر اینکر پرسن یاسر رحمان، نورمان اعوان، عزیز الرحمان اعوان، ملک عرفان اعوان، بابر قریشی اور رضوان اعوان سمیت قریبی خاندانی شخصیات اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
پراجیکٹ کا مقصد اور مقامی سطح پر روزگار:
افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ملک اویس اعوان نے بتایا کہ ان کی کمپنی پچھلے تیرہ سال سے مختلف قومی و بین الاقوامی ریذینشل اور کمرشل پراجیکٹس کر رہی ہے، اور انہی خدمات کے اعتراف میں ان کی کمپنی کو 2025 میں گلوبل گیٹ وے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں کمپنی بڑے پراجیکٹس مکمل کر چکی ہے، جبکہ مظفرآباد میں یہ ان کا پہلا پراجیکٹ ہے جس کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے جنگلات میں قیمتی لکڑی گلنے سڑنے لگی، ٹمبر مافیا کے سرگرم ہونے کا انکشاف
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کام کے دوران باہر سے ایک بھی ملازم نہیں لایا گیا بلکہ روزگار کے تمام مواقع مکمل طور پر مقامی آبادی کے لیے مہیا کیے گئے ہیں۔ اس پراجیکٹ کے مکمل ہونے کے بعد یہاں سے جنریٹ ہونے والی کمرشل اور ریذینشل سرگرمیوں کے تمام فوائد بھی لوکل کمیونٹی کو ہی ملیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کو مبارکباد اور سرمایہ کاری کی تجاویز:
اس موقع پر ملک اویس اعوان نے آزاد کشمیر کی نئی بننے والی حکومت اور وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بحیثیت انویسٹر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی دھرتی آزاد کشمیر کے لیے ہر قسم کی خدمات کے لیے ہمیشش حاضر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نو منتخب وزیر اعظم خود ایک نوجوان اور ویژن رکھنے والی شخصیت ہیں، اس لیے نو منتخب حکومت کو چاہیے کہ وہ انویسٹمنٹ کانفرنسز کروائے۔ ان کانفرنسز کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی جانب مائل کرنے میں بہترین کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں کیونکہ یہ ایک پرامن خطہ ہے جہاں کے لوگ انتہائی پرامن اور محبت کرنے والے ہیں، اور یہی امن ریاست کو سب سے الگ اور خوبصورت بناتا ہے۔




