پاکستان محکمہ موسمیات نے منگل (آج) کو کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مونسون کی مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر ہونے والی شدید اور انتہائی شدید بارشیں حساس علاقوں میں اربن فلڈنگ، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں، بشمول سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور ملحقہ علاقوں میں صرف چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد: طوفانی بارش سے تباہی،ایک بچہ، تین بچیاں سیلاب میں بہہ گئیں
اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں کی صورتحال:
پی ایم ڈی کے مطابق، منگل کے روز ہونے والی شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، خطہ پوٹھوہار، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
مزید برآں، محکمے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیشگوئی کے دوران بالائی خیبر پختونخوا کے حساس پہاڑی علاقوں جن میں دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، نیز مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ اور علاقائی پیشگوئی:
محکمہ موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا کے مقامی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی (فلیش فلڈ) آ سکتی ہے۔ اسلام آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے پی ایم ڈی نے بتایا کہ وہاں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا بھی امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مهمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، مردان، ہنگو، ٹانک، لکی مروات، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں 5 اگست تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ جاری
پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کا موسمی احوال:
پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، ساہیوال، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔




