چند نشستیں نہ ہونے سے اسمبلی نامکمل نہیں ہوتی، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی اہم پریس کانفرنس

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی معرضِ وجود میں آ چکی ہے، اس لیے اگر دو، چار یا پانچ نشستیں نہیں ہیں تو اس کی وجہ سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اسمبلی نامکمل ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے آئینی و قانونی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کی سمجھ یہ ہوئی ہے کہ جو لوگ منتخب ہو گئے ہیں، وہ حلف نہیں اٹھا سکتے یا وہ کام نہیں کر سکتے، ایسا بالکل نہیں ہے۔ اسمبلی اپنے آئینی و قانونی امور اور فرائض معمول کے مطابق سرانجام دے سکتی ہے۔

پونچھ ڈویژن کے الیکشن کی صورتحال اور شیڈول:

پونچھ ڈویژن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہاں الیکشن کے حوالے سے صورتحال مختلف ہے۔ پونچھ کی جو صورتحال ہے، وہاں 10 تاریخ کو انشاءاللہ الیکشن کروائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن شفاف ، دھاندلی کے الزامات بے بنیاد، ثبوت پیش کریں، چیف الیکشن کمشنر

انہوں نے نشستوں کی مکمل تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پونچھ ڈویژن میں الیکشن کے حوالے سے باغ کی تین نشستوں، حویلی کی ایک نشست اور عباسپور کی ایک نشست پر پولنگ کا عمل مکمل کروایا جائے گا۔

بلوچ، پلندری اور امن و امان کے تقاضے:

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ ہمارے زیرِ غور بلوچ اور پلندری کے حلقے بھی ہیں۔ اگر ہمیں وہاں سے اچھی رپورٹ ملتی ہے، تو جس طرح یہاں لوگوں نے باہر نکل کر ووٹ دیے ہیں، تمام پریشر اور تمام حربوں کو مسترد کیا ہے، تو اگر وہاں بھی عوام نے تعاون کیا تو انشاءاللہ ہماری تیاری سب حلقوں کے لیے مکمل ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا لیکن الیکشن میں امن و امان کی صورتحال (Law and Order Situation) بہت اہم ہوتی ہے۔ لوگوں کی جانوں کی حفاظت بھی ہوتی ہے، اپنی رائے دینے کے لیے ان کا باحفاظت پولنگ اسٹیشن پہنچنا اور واپس گھر پہنچنا، ان کی رکھوالی کے سارے تقاضوں کو سامنے رکھ کر ان تین نشستوں پر بھی ہم بات کریں گے۔

مزید پڑھیں: بدترین دھاندلی ہوئی،الیکشن کمیشن 45پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائے،چوہدری لطیف اکبر