یومِ شہدائے پولیس: مقامی کمانڈرز کے پولیس ہیڈکوارٹرز اور تھانوں کے دورے، شہداء کو خراجِ عقیدت

پشاور: یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے مقامی کمانڈرز نے خیبرپختونخوا پولیس کے مختلف ضلعی ہیڈکوارٹرز، پولیس لائنز اور تھانوں کے دورے کیے، جہاں پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

دوروں کے دوران پاک فوج کے افسران نے خیبرپختونخوا پولیس کے اعلیٰ حکام اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرکا دورہ، مون سون خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں پربریفنگ

اس موقع پر پاک فوج کے مقامی کمانڈرز نے خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، غیرمتزلزل عزم اور دہشت گردی کے خلاف دی گئی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔

ملاقاتوں کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج، خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مشترکہ کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ، مربوط تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

تقریبات کے دوران پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی رٹ کے مؤثر نفاذ اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باجوڑ : مینا اور عنایت کلے میں خوارج کے ناکام حملے میں 9 خوارجی جہنم واصل

شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو اسی جذبے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔