مظفرآباد ڈویژن کی رہ جانیوالی 2 نشستوں کے بھی غیر حتمی غیر سرکاری مکمل نتائج آ گئے ہیں، ایل اے 27کوٹلہ سے مسلم لیگ(ن) کی نامزد امیدوارنورین عارف کامیاب ہوگئیں جبکہ ایل اے28لچھراٹ سے پیپلزپارٹی کے سید بازل نقوی کامیاب ہو گئے ہیں۔
ایل اے 27حلقہ کوٹلہ سے پاکستان مسلم لیگ کی نامزد امیدوار محترمہ نورین عارف 19ہزار939ووٹ لے کر کامیاب ہو گئی ہیں، پیپلز پارٹی کے سردار جاوید ایوب 18ہزار909ووٹ حاصل کر دوسرے اور استحکام پارٹی کے سردار تبارک 18ہزار574ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن شفاف ، دھاندلی کے الزامات بے بنیاد، ثبوت پیش کریں، چیف الیکشن کمشنر
ایل اے 27میں استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ انہیں میر عتیق گروپ کی بھی حمایت حاصل تھی۔استحکام پاکستان پارٹی امید میں تھی کہ ایک نشست ہمیں مل جائیگی لیکن سردار تبارک کے ہارنے سے وہ امید بھی ختم ہو گئی۔
ایل اے28لچھراٹ سے پیپلزپارٹی کے سید بازل نقوی 27ہزار731ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کے چوہدری شہزاد 26ہزار518ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 2 اگست کو منعقد ہوئے تھے، تاہم راستوں کی بندش کے باعث بعض علاقوں میں پولنگ میٹریل اور انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا تھا، جس کے باعث ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی کردی گئی تھی، جبکہ ایل اے 28 کے 54پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹنگ موخر کر دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق دونوں حلقوں میں 4 اگست کو صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا اور شام 5 بجے تک ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
دونوں حلقوں میں پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہے تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:پریزائیڈنگ افسر نماز پڑھتا رہا ، ن لیگی کارکن بیلٹ پیپرز پر ٹھپےلگاتے رہے، ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ ان نتائج کے بعد آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے دو مراحل کے انتخابات مکمل ہو گئے ہیں، جبکہ عام انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہوگا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔
ان 2 نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن کی مجموعی طور پر 24 نشستیں ہوگئی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔




