پانچ اگست 2019سیاہ ترین دن ،کشمیر پر بھارت کے یکطرفہ اقدامات کبھی تسلیم نہیں کریں گے،انجینئر امیر مقام

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔

وفاقی وزیرامور کشمیر انجینئر امیر مقام نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے اور عالمی برادری اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا

پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام، پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے عزم کے سامنے کوئی طاقت نہیں ٹھہر سکتی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ کے عوام محب وطن ہیں، مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے،امیر مقام

امیر مقام نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہی مسئلہ کشمیر کا واحد پائیدار حل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان آئینی دفعات کے تحت غیر کشمیری افراد کو وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے یا جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں تھی، تاہم بھارت نے انہیں ختم کرکے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔

امیر مقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت بیرونِ ریاست سے لوگوں کو لا کر مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے تاکہ کشمیری اپنے ہی وطن میں اقلیت بن جائیں، تاہم بھارتی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبایا نہیں جا سکا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھیڑی:پولنگ عملے کے سیاسی شخصیت کے گھر قیام کی خبریں بے بنیاد،ڈپٹی کمشنر منیر قریشی

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ معرکۂ حق کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے اور پاکستان ہر محاذ پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ریلیوں، واکس اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،

جن میں طلبہ، وکلا، تاجروں، مزدوروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ قومی مسئلہ ہے، جس پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔