ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل)امیدوار مسلم کانفرنس حلقہ ایل اے 33 نمبر 07 گوہر زمان عباسی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان علی خان کے حق میں دستبردار ہو گئے۔
گوہر زمان عباسی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان علی خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج سے میرے تمام ووٹر تیر کے نشان پر مہر لگا کر دیوان علی خان چغتائی کو کامیاب بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد حلقہ کی بہتری اور عوام کی خدمت ہے اور تمام کارکن بھرپور انداز میں پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معروف کشمیری شخصیت کمانڈر فاروق جیپ سے گر کرجاں بحق،ویڈیو منظرِ عام پر
امیدوار اسمبلی دیوان علی خان نےکہا کہ عوام کرپٹ اور سکیم خور مافیا سے نجات دلانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی سپورٹ کریں اور بھرپور کمپین کر کے مجھے اسمبلی میں پہنچائیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جماعت تبدیل کی ہے مگر میرے قائد آج بھی سردار عبدالقیوم خان ہیں اور کل بھی وہی رہیں گے مسلم کانفرنس میری اپنی جماعت ہے اور اس حلقہ کے مسلم کانفرنس کے نظریاتی لوگ اب مجھے ووٹ دیں۔
دیوان علی خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن پونچھ ڈویژن میں اب الیکشن کمپین نہیں کر سکے گی پونچھ ڈویژن سے پاکستان پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی جبکہ مظفرآباد ڈویژن میں بھی پیپلز پارٹی کا تیر چلے گا۔۔
انہوں نے کہا کہ عوام جعلی چیک اور سکیموں کے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ دو اگست کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن سبوتاژ کرنے کی ایک اورناکام کوشش؛ مظفرآباد میں بھی ‘جعلی لاشوں’ کا پروپیگنڈا بے نقاب
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور کامیابی کے بعد حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا نیا دور شروع کیا جائے گا۔۔
عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا اور نوجوانوں کے لیے روزگار تعلیم صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے گوہر زمان عباسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔
دیوان علی خان کی کامیابی کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔




