معروف کشمیری شخصیت کمانڈر فاروق جیپ سے گر کرجاں بحق،ویڈیو منظرِ عام پر

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد کشمیر کی معروف اور دلیر شخصیت کمانڈر فاروق کی راولاکوٹ میں جیپ سے گر کر زخمی ہونے کے بعد ہسپتال منتقلی کی آخری ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے۔

کمانڈر فاروق دو دن قبل گاڑی پر سوار ہوتے ہوئے حادثاتی طور پر گر کر شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر راولاکوٹ کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن سبوتاژ کرنے کی ایک اورناکام کوشش؛ مظفرآباد میں بھی ‘جعلی لاشوں’ کا پروپیگنڈا بے نقاب

مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کر دی گئی ہے جہاں ہزاروں سوگواروں نے انہیں الوداع کیا۔

کمانڈر فاروق کون تھے؟ ایک لازوال تاریخ

کمانڈر فاروق خطے کی ایک انتہائی معتبر اور بہادر شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کا سب سے بڑا تاریخی کارنامہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں سامنے آیا،

جب ہندوستانی فوج نے جارحیت کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی سرحد عبور کی اور ایک نازک پوزیشن پر پاکستانی فوج کو پیچھے ہٹنا پڑا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: حالات معمول پر، ایکشن کمیٹی کا سوشل میڈیا پروپیگنڈا بے نقاب

ایسے سنگین حالات میں کمانڈر فاروق نے بے مثال دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی شہریوں کو متحد کیا اور اپنے محدود وسائل کے ساتھ دشمن فوج کے خلاف صف آرا ہو گئے۔

انہوں نے نہ صرف ہندوستانی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، بلکہ دشمن کے قبضے سے دو اہم چیک پوسٹیں بھی چھین لیں جنہیں بعد میں باقاعدہ طور پر پاک فوج کے حوالے کیا گیا۔

ان کی وفات پر پورے آزاد کشمیر میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہیں ایک سچے ہیرو کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔