اجنکیا رہانے

بھارتی کرکٹر اجنکیا رہانے کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارت کے سابق کپتان اور تجربہ کاربیٹراجنکیا رہانے نے فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سمیت ہر قسم کے طرز کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

38 سالہ رہانے اجنکیا نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے اپنے جذباتی ویڈیو پیغام میں اس فیصلے سے مداحوں کو آگاہ  کر دیا۔

اپنے الوداعی پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹنگ میں ہمیشہ درست ٹائمنگ کو اہمیت دی اور آج مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا یہی بہترین وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لیے سب سے بڑا خواب تھا اور اپنے پورے کیریئر میں، میں نے ہمیشہ ملک اور ٹیم کو اپنی ذات پر ترجیح  دی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا وہ مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی  کے لیے کرکٹ سے اپنا رشتہ برقرار رکھیں گے۔

اجنکیا رہانے نے 2011 سے 2023 کے دوران بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

ان کا آخری بین الاقوامی میچ جولائی 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شان مسعود انجری کا شکار

12 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں رہانے نے ٹیسٹ کرکٹ میں 5,077 رنز اسکور کیے، جن میں 12 سنچریاں شامل ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے 2,962 جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 375 رنز بنائے۔ وہ بھارت کی جانب سے 6 ٹیسٹ میچوں میں کپتان بھی رہے، جن میں چار فتوحات حاصل ہوئیں جبکہ دو میچ ڈرا ہوئے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی رہانے کا ریکارڈ اچھا رہا، جہاں انہوں نے 14 ہزار سے زائد رنز بنائے اور 42 سنچریاں اسکور کیں۔

ان کے کیریئر کا سب سے یادگار باب 2020-21 میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی بارڈر-گواسکر ٹرافی کی فتح رہی۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارت کے صرف 36 رنز پر آل آؤٹ ہونے اور ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کے بعد رہانے نے ٹیم کی قیادت سنبھالی۔

میلبرن ٹیسٹ میں ان کی شاندار سنچری نے بھارت کو نہ صرف میچ میں کامیابی دلائی بلکہ ٹیم نے سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کر کے تاریخ رقم کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں: ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے میزبان وینیوز کا اعلان کر دیا گیا

رہانے نے اپنا آخری میچ آئی پی ایل 2026 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد فرنچائز کو نئے کپتان کی تلاش کرنا ہوگی۔