احسن اقبال

بلاول دھاندلی کا شور بند ، آزادکشمیر الیکشن کے نتائج تسلیم کریں ، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہےکہ انتخابی نتائج دیکھ کربلاول بھٹو چیخیں ماررہے ہیں لیکن آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ ن ہی حکومت بنائےگی۔

شکر گڑھ میں جلسے سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بناتی ہے تو ان انتخابی نتائج کو شفاف قرار دیا جاتا ہے لیکن اگر آزاد کشمیر میں بلاول بھٹو کو شکست کا سامنا کرنا پڑے تو پھر انتخابات پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں کامیابی اور ناکامی دونوں کو کھلے دل سے قبول کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کو دھاندلی کا شور مچانے کے بجائے آزاد کشمیر کے عوام کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن میں ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ، احسن اقبال

ان کے بقول توقع یہ تھی کہ میرپور کے نتائج سامنے آنے کے بعد بلاول بھٹو مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصاً نواز شریف اور شہباز شریف کو مبارکباد دیتے مگر اس کے برعکس انہوں نے انتخابی نتائج پر اعتراضات اٹھانا شروع کر دئیے۔

احسن اقبال نے مسئلہ کشمیر پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے وقت بانی پی ٹی آئی نے کشمیر کے معاملے پر سودا کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے مہاجرین کی نشستوں کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر سے مہاجرین کی نمائندگی کسی صورت ختم نہیں کی جاسکتی : احسن اقبال

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، جمہوری روایات اور قومی مفادات کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی عوامی اعتماد پر پورا اُترنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔