آئی سی سی نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے میزبان وینیوز کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے 12 میزبان وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گلاسگو کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم کی فائنل میں رسائی، محمد یاسر سلطان دوڑ سے باہر
میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گےجبکہ ورلڈ کپ 24 سال بعد دوبارہ افریقی سرزمین پر کھیلا جائیگا۔
جوہانسبرگ میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران ٹورنامنٹ کی برانڈنگ “Three Nations, One Heartbeat” بھی متعارف کرائی گئی جو تینوں میزبان ممالک کے اتحاد، تنوع اور مشترکہ ثقافت کی عکاسی کرتی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ایڈیشن کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مقابلوں میں زیادہ سنسنی، مسابقت اور دلچسپی پیدا کی جا سکے۔
نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں رینکنگ کے لحاظ سے 12ویں سے 14ویں نمبر پر موجود تین ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی۔
اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں چھ، چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن کی بنیاد پر مقابلہ کریں گی۔ دونوں گروپس سے ٹاپ تین، تین ٹیمیں اور دونوں گروپس میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ایک ٹیم سپر سیون مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
سپر سیون مرحلے میں سات ٹیموں کے درمیان 21 میچز کھیلے جائیں گے، جن کے اختتام پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پہلے سیمی فائنل میں پہلی اور چوتھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دوسری اور تیسری ٹیم مدمقابل ہوگی۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ میزبان شہروں اور ٹورنامنٹ برانڈ کا اعلان ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، آئی سی سی کا 2 پاکستانی بولرز کیخلاف ایکشن
انہوں نے کہا کہ 24 سال بعد ورلڈ کپ کا افریقہ میں انعقاد عالمی کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا شاندار ایونٹ کا انعقاد کریں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 نہ صرف محدود اوورز کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا بلکہ افریقہ کی ثقافت، مہمان نوازی، تنوع اور کھیل سے محبت کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔




