اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کا الزام،چڑہوئی ،سہنسہ اور نکیال کے انتخابی نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار ،الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ضلع کوٹلی کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کر کے انتخابی عمل کو داغدار کردیا جس کا الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کے آبائی حلقے میں یکطرفہ طور پر ٹھپے لگائے گئے جبکہ سہنسہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اخلاق کی یقینی فتح کو شکست میں بدلا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کسی کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے ہر گز اجازت نہیں دینگے،سیکرٹری اطلاعات
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے دعویٰ کیا کہ سہنسہ میں دھاندلی کے حوالے سے متعلقہ پریذائیڈنگ افسران نے اپنے بیانات میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں یرغمال بنا کر بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگوائے گئے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ چڑھوئی، سہنسہ اور نکیال کے انتخابی نتائج پر شدید تحفظات ہیں اور ان حلقوں میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ تشدد: گرفتار شرپسند کے سنسنی خیز انکشافات، کالعدم کمیٹی کا ایجنڈا بے نقاب
فیصل ممتاز راٹھور نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ان انتخابی حلقوں کے نتائج فوری طور پر روکے جائیں اور جن پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کے الزامات سامنے آئے ہیں، وہاں فوج کی نگرانی میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال ہو سکے۔




