مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد راشد حنیف نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں پرامن انتخابات نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے عزائم ناکام بنا دیئے ۔
راولاکوٹ میں موجود عناصر پرامن مظاہرین نہیں بلکہ مسلح ملیٹنٹس ہیں۔عورتوں، بچوں کو زبردستی ہیومن شیلڈ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عرفان مسعود کشفی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےسیکرٹری اطلاعات راشد حنیف نے کہا کہ عوام بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کی جھوٹی معلومات پر یقین نہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ کسی کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے یا کسی علاقے پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سوشل میڈیا پر پرانی اور جعلی ویڈیوز پھیلا کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ تشدد: گرفتار شرپسند کے سنسنی خیز انکشافات، کالعدم کمیٹی کا ایجنڈا بے نقاب
عوام صرف سرکاری اور مصدقہ ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کریں۔انھوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کے بعد انتشار پھیلا کر جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔حکومت عوام کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کیلئے ہر قیمت پر کھڑی ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر عرفان مسعود کشفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح عناصر کے پاس ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، کلاشنکوفیں اور دیگر جدید اسلحہ موجود ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق مسلح عناصر سنائپرز بھی استعمال کر رہے ہیں۔گرفتار شرپسندوں نے جدید اسلحہ اور حملوں کے بدلے نقد انعامات کی پیشکش کا انکشاف کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ عناصر اب پرامن مظاہرین نہیں بلکہ مسلح ملیٹنٹس ہیں۔مسلح ملیٹنٹس سے قانون کے مطابق اسی انداز میں نمٹا جائے گا جیسے دہشت گردوں سے نمٹا جاتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کا متنازعہ بیان: سردارابراہیم اور سردارعبدالقیوم کو غدار قرار دیدیا
انھوں نے کہا کہ مسلح عناصر کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ ایک افسر سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، جواب صرف سیلف ڈیفنس میں دیا جا رہا ہے۔مسلح عناصر کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کی تحقیقات جاری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ راولاکوٹ سے ایک مسلح شخص گرفتارہوا ہے جس کے قبضے سے ایم ایٹ ہتھیار برآمد ہوئے ہیں ۔
گرفتار شخص ابتدائی معلومات کے مطابق بیرونِ ملک سے آیا اور سنائپر کے طور پر تربیت یافتہ تھا۔




