ملک بھر میں 29 جولائی سے 5 اگست تک تیز بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد: ملک بھر میں کل سے مون سون کی مزید بارشوں کا نیا اور طاقتور سلسلہ شروع ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 29 جولائی سے 5 اگست کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ اس سلسلے کے تحت 29 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نمی سے بھرپور مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی۔ دوسری جانب مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ اس وقت شمالی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، اور یہ ہوائیں یکم اگست سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشوں سے اموات 100سے تجاوز کر گئیں،محکمہ موسمیات کا الرٹ بھی جاری

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کشمیر میں 28 جولائی کی رات سے 5 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور اور دیگر خطوں میں 29 جولائی سے بارشوں کا آغاز متوقع ہے، جبکہ 31 جولائی سے بہاولپور، بہاولنگر، خانپور اور ڈی آئی خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا میں 29 جولائی سے 5 اگست کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ گلگت بلتستان میں 28 جولائی کی شام سے 6 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

صوبہ سندھ کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 31 جولائی سے 2 اگست تک مختلف اضلاع میں برسات کا امکان ہے، بالخصوص بدین، ٹھٹہ، کراچی اور سجاول کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ بارشوں کے اس نئے سلسلے کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے، جبکہ 30 جولائی سے 4 اگست کے دوران مختلف بڑے شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کا الرٹ: ملک بھر میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی