محکمہ موسمیات کا الرٹ: ملک بھر میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا انتباہ جاری کیا ہے جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی متعدد شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اتوار کے روز کشمیر ، جنوب مشرقی سندھ، بالائی و وسطی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوااور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ جنوب مشرقی سندھ، کشمیر اور شمال مشرقی و وسطی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

طغیانی اور نقصانات کا خطرہ:

اتوار کی صبح محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر، ڈیرہ غازی خان کے رودکوہی پہاڑی علاقوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی برسات ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ سندھ، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال، سرگودھا، جھنگ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ موجود ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات بشمول سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارش،سرینگر جموں شاہراہ بدستوربند، 1ہزارکے لگ بھگ گاڑیاں پھنس گئیں

مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال:

اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جہاں بارش کا امکان پینتالیس فیصد ہے جو بعد میں بڑھ بھی سکتا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ہنگو، کرم اور اورکزئی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں جن میں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، وہاڑی، خوشاب، بہاولنگر، بہاولپور، ساہیوال، نورپور تھل، بھکر، میانوالی اور سرگودھا شامل ہیں، وہاں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، راجن پور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور رحیم یار خان میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ شام یا رات کے وقت ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو اور گردونواح میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں، چھتیں بیٹھ گئیں، دریا بپھر گئے، الرٹ جاری

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی بارش اور درجہ حرارت:

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، زیریں سندھ، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور زیریں بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہروں میں ہوئی جن میں سرگودھا سٹی 143، اوکاڑہ 119، حافظ آباد 103، گجرات 100، لاہور سٹی 91، لاہور ایئرپورٹ 18، منڈی بہاؤالدین 83، نارووال 69، بہاولنگر 63، ساہیوال 61، سیالکوٹ ایئرپورٹ 54، سیالکوٹ سٹی 20، منگلا 46، جہلم 43، چکوال اور شیخوپورہ 28، راولپنڈی چکلالہ 13، شمس آباد 10، کچہری 09، گوالمنڈی اور نیو کٹاریاں 07، پیرودھائی 06، مری 12، اسلام آباد سیدپور 12، اسلام آباد سٹی 11، بوکرا 05، گولڑہ 03، اسلام آباد ایئرپورٹ 01، خانیوال 11، قصور 08، اٹک اور جوہرآباد 01 ملی میٹر شامل ہیں۔ سندھ میں تھرپارکر کے علاقوں چھಾچھرو 82، مٹھی 56، ڈپلو 47، کالوئی اور ننگرپارکر 35، اسلام کوٹ 33، ڈھالی 14، چھور 55، مٹھی 09، کراچی میں ڈی ایچ اے اور سرجانی ٹاؤن 06، گلشنِ حدید 05، کیماڑی 04، ناظم آباد، پی اے ایف مسرور بیس اور گلشنِ معمار 03، صدر ٹاؤن 02، نارتھ کراچی 01، اور میرپورخاص میں 04 ملی میٹر بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ 31، چراٹ 07، پاراچنار 06، دیر 03، کشمیر کے شہر کوٹلی 14، مظفرآباد ایئرپورٹ 08، مظفرآباد سٹی 07، گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردو 07، استور 02، بونجی 01، اور بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آج سبی، نوکنڈی، دالبندین میں 43 اور دادو میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف شہروں کا درجہ حرارت کچھ یوں رہا؛ اسلام آباد پچیس سے ستائیس، لاہور پچیس سے تینتیس، کراچی اٹھائیس سے چونتیس، پشاور چوبیس سے چھتیس، کوئٹہ بائیس سے سینتیس، گلگت اٹھارہ سے انتیس، مظفر آباد بائیس سے اٹھائیس، اسکردو سولہ سے تئیس، مری پندرہ سے بیس، فیصل آباد اکتیس، ملتان انتیس سے سینتیس، سری نگر اٹھارہ سے بائیس، جموں پچیس سے ستائیس، لہہ دس سے بائیس، پلوامہ انیس سے تئیس، اننت ناگ اٹھارہ سے تئیس، شوپیاں اٹھارہ سے بائیس، اور بارہ مولہ انیس سے بائیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔