مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کا کامیاب کروادیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ متعدد حلقوں میں پیپلزپارٹی کے مضبوط امیدواروں کو جان بوجھ کر ہرایا گیا ، ہم اپنا عوامی مینڈیٹ واپس لے کر دم لیں گے ، اس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے نہ چھکیں گے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق، جمہوریت اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو آزاد کشمیر کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور عوام کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ورکر زکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور ہمیشہ عام آدمی، نوجوان، خواتین اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کو بااختیار بنانے کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی اس کا رشتہ محض انتخابی نہیں بلکہ تاریخی اور نظریاتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، رانا ثنا اللہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ظلم، زیادتی اور ڈکیتی کو جمہوریت کا نام دیا جا رہا ہے جبکہ عوام نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو کامیابی دلائی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرپور کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا اور ان کے ووٹ کا تحفظ پارٹی کی ذمہ داری ہے۔پیپلز پارٹی انتخابی نتائج پر خاموش نہیں رہے گی، نہ جھکے گی اور نہ ہی پیچھے ہٹے گی بلکہ اپنی تمام نشستیں واپس حاصل کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ چوہدری یاسین کو شکست دینے کے لیے 10 پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کی گئی جبکہ ایک پیپلز پارٹی کارکن کو شہید کیا گیا اور فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی مفاد میں ریاست اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاست کے فیصلے قومی مفاد کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے مفاد میں کیے جا رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن کے انتخابی نتائج پر پیپلز پارٹی کے تحفظات، نتائج روکنے اور انکوائری کا مطالبہ
بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کو کسی صورت مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیا جائے گا،ہم قومی مفاد کیلئے ریاست کے ساتھ ہیں ، ن لیگ کے مفاد کیلئے نہیں،ہم قومی مفاد میں خاموش ہیں اور صرف قومی مفاد کیلئے ہی خاموش ہوتے ہیں ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے میں سمجھ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انتخابات محض نمائندوں کے انتخاب کا نام نہیں بلکہ یہ فیصلہ کرنے کا موقع ہے کہ آئندہ پانچ سال خطے کی قیادت کس سمت میں لے جانی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور عوام کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز کو قومی سیاست کا اہم حصہ سمجھا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک پیپلز پارٹی کی قیادت نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی کشمیری عوام کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرتی رہے گی۔ آزاد کشمیر میں ترقی، روزگار، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی عوام کا حق ہے۔ نوجوانوں کو باعزت روزگار اور بہتر مستقبل فراہم کیے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔




