وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر تمام سرکاری محکموں میں بھرتیاں شروع

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل ): وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے جملہ سرکاری محکموں میں تھرڈ پارٹی ایکٹ کے تحت بھرتیوں کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان ہدایات کا بنیادی مقصد تمام سرکاری اداروں میں میرٹ اور شفافیت کو مکمل طور پر یقینی بنانا ہے۔

وزیراعظم افتخار علی گیلانی کی ہدایت پر تمام سرکاری محکمہ جات میں تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ ایکٹ کے تحت باقاعدہ اقدامات کا اغاز کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ مکتوب کے مطابق جملہ محکموں سے سکیل 7 تا 15 کی خالی اسامیوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں تاکہ بعد از اشتہار تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 کے تحت ان اسامیوں پر شفاف بھرتیاں عمل میں لائی جا سکیں۔

تھرڈ پارٹی ایکٹ کی قانونی حیثیت اور بحالی:

واضح رہے کہ تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 کو سال 2023 میں ختم کر دیا گیا تھا، جس کے بعد اس اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 کو بحال کر دیا تھا، جبکہ اس فیصلے کے خلاف حکومت سپریم کورٹ نہیں گئی تھی، جس کے باعث یہ فیصلہ مکمل طور پر حتمی ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا سرکاری نوکری،شکایات کیلئے آن لائن سروسز کیلئے پورٹل لانچ کرنے کا اعلان

قانون کے مطابق ہائی کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد تمام اداروں پر لازم و بائنڈنگ ہے اور فیصلے پر عمل نہ کرنا توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کی باقاعدہ کارروائی:

اس عدالتی اور قانونی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام محکموں نے اسامیاں مشتہر کر کے بذریعہ این ٹی ایس (NTS) بھرتیاں کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

اس تمام عمل کو شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے باقاعدہ قانونی و انتظامی کارروائی کا اغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مستحق اور اہل امیدواروں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔