آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے 9 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور فعال کردار ادا کریں گے۔

میڈیا کے کردار اور پولنگ کی تفصیلات :

رانا ثنا اللہ نے میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران میڈیا نمائندے مسلسل پولنگ اور ووٹر ٹرن آؤٹ کی شفاف رپورٹنگ کرتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹروں کو سہولت فراہم کرنے اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا زیادہ سے زیادہ موقع دینے کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات 2026: میرپور ڈویژن کی تمام 13 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے

انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں الیکشن کمیشن، مقامی انتظامیہ، پولیس، آئی جی، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں انتہائی مؤثر کردار ادا کیا، جس کے باعث مجموعی طور پر انتخابی عمل نہایت منظم، کامیاب اور پرامن رہا۔

فائرنگ کے واقعے اور خاندانی تنازع کی وضاحت:

انتخابی روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ دراصل دو گروپوں کے پرانے خاندانی تنازع کا نتیجہ تھا، کیونکہ ایک ہی خاندان کے افراد مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً 10 روز قبل بھی اسی خاندانی تنازع کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما ملک عاشق جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ انتخابی روز دوبارہ فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک سے دو افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مخصوص واقعے کے علاوہ پورے میرپور ڈویژن میں پولنگ مکمل طور پر پرامن رہی اور کسی دوسرے مقام پر امن و امان کا کوئی بڑا مسئلہ پیش نہیں آیا۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی:

رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر حلقہ ایل اے-6 سماہنی میں ایک امیدوار کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی گئی، جس نے مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور بیلٹ پیپرز جلانے کی کوشش کی۔

اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ امیدوار کو موقع پر گرفتار کر لیا، مقدمہ درج کر لیا گیا اور قانون کے مطابق باقاعدہ کارروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث متعدد افراد کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

قیادت اور عوام کا اعتماد: امیر مقام کا خطاب:

اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد انتہائی خوش آئند ہے اور کشمیری عوام نے جمہوریت کے اس عمل میں بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا ہے۔

مزید پڑھیں: میرپور ڈویژن کے انتخابی نتائج پر پیپلز پارٹی کے تحفظات، نتائج روکنے اور انکوائری کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی یہ شاندار کامیابی پارٹی کے کارکنوں کی ان تھک محنت اور عوام کے غیر متزلزل اعتماد کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ ایک سال سے جاری تنظیم سازی، پارٹی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے اور مضبوط ٹیم ورک کے باعث جماعت کو میدان میں کامیابی ملی۔

امیر مقام نے الیکشن کمیشن، سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے قائد ن لیگ نواز شریف کی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی ترقیاتی پالیسیوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، اور عوامی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔