انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ آزادانہ اور شفافیت سے مکمل ہوا، چیف الیکشن کمشنر

میرپور: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کا انتخابی عمل مکمل طور پر آزادانہ اور شفاف طریقے سے مکمل ہو گیا ہے۔

میرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے اس مرحلے میں بھرپور حصہ لیا اور پورا انتخابی عمل اور پولنگ پرامن ماحول میں مکمل ہوئی۔

عوام کی بھرپور شرکت اور قانون کی بالادستی:

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ عوام نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور ڈویژن کے انتخابی نتائج پر پیپلز پارٹی کے تحفظات، نتائج روکنے اور انکوائری کا مطالبہ

انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بدامنی یا بے ضابطگی کی کوشش کی گئی وہاں فوری ایکشن لیا گیا، بالخصوص سماہنی میں پولنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔

سیکیورٹی اداروں کے کردار کی تعریف:

پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار انتہائی مثالی اور قابلِ تحسین رہا۔