پیٹرول

پیٹرول کی قیمت ایک روپے کم،ہائی سپیڈ ڈیزل 3روپے 37 پیسے اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل 28 جولائی کے لیے کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 24 گھنٹے کے لیے ہو گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایک ہفتے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھاری اضافہ، عوام پر مہنگائی کا بوجھ

دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جلد کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، آئل ٹینکرز کو درپیش مسائل، کرایوں اور کوٹے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر علی پرویز ملک نے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اوگرا کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے گفتگو کے دوران عوام کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اچھی خبر ہے اور جلد ہی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حالات میں بہتری کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے، جس کا فائدہ عوام کو ملے گا۔ باب المندب میں پھنسے پاکستان کے تیل بردار جہاز بحفاظت نکل آئے ہیں، جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی سے متعلق خدشات میں نمایاں کمی آئی ہے۔