کوٹھیاں جنوبی باغ میں دھرنا ختم، راستے کھلنے پر عوام نے سکھ کا سانس لیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): کوٹھیاں جنوبی باغ میں جاری دھرنا انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت اقدام کے بعد ختم کروا دیا گیا ہے، جس سے تمام بند راستے بحال ہو گئے ہیں اور عام عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

کوٹھیاں جنوبی باغ کا دھرنا کامياب فزیکل آپریشن اور انتظامی ایکشن کے نتیجے میں ختم کروا دیا گیا ہے، جس پر باغ انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔ راستوں کی مسلسل بندش اور پیدا کی جانے والی افراتفری کے باعث مریضوں، عام راہگیروں، اسکول و کالج کے طلبہ اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ نے بہترین کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں پرامن ماحول اور قانون کی بالادستی کو بحال کیا ہے، جس کی بدولت عوام، سیاسی کارکنان، تاجر برادری اور سول سوسائٹی حکومت اور انتظامیہ کی پشت پر مکمل طور پر کھڑی نظر آتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باغ:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا ختم، سڑکیں بحال، جتھا فرار

راستوں کی بندش سے عوامی مشکلات :

ضلع باغ اور بالخصوص جنوبی باغ کے شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کے اس اقدام کو انتہائی درست اور بروقت قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے کالج اور اسکول آنے جانے والے طلبہ و طالبات کا تعلیمی حرج ہو رہا تھا اور بیمار افراد کو ہسپتال منتقل کرنے میں سخت دشواری کا سامنا تھا۔ عوام کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار پانچ ماہ سے خطہ پونچھ کے لوگ ایک بڑے کرب سے گزر رہے ہیں جہاں تعلیم کا پورا سال ضائع ہو چکا ہے، جس کا ازالہ دہائیوں تک ممکن نہیں۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ احتجا ج ریکارڈ کرانا ہر کسی کا حق ہے، لیکن راستے بند کر کے غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنا ریاست کی عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے۔

باغ کے شہری اور سول سوسائٹی نے حکومتِ آزاد کشمیر اور سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی جہاں جہاں راستے بند ہیں یا امن و امان کے مسائل موجود ہیں، وہاں اسی انداز میں آپریشن کر کے امن بحال کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ریاست کو اپنی پاور اور صلاحیت کا استعمال کرتے ہوئے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں اور کسی بھی دھرنے یا بدامنی کو عوامی پریشانی میں اضافے کا سبب نہیں بننے دینا چاہیے۔ بند راستوں اور کاروبار کو کھلوا کر لوگوں کو ریلیف دینا ہی ریاست اور یہاں کے عوام کی حقیقی بہتری ہے۔

مزید پڑھیں: کالعدم کمیٹی شرپسندی کے لیے عام شہریوں کے گھر استعمال کر رہی ہے: ایس پی باغ کا بڑا الزام