بھارتی فنڈنگ لیکرکالعدم ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کونقصان پہنچارہی ہے ،عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھارتی فنڈنگ سے افراتفری پھیلانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔

وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم جماعت کا الیکشن میں حصہ نہ لینا بھارت نواز ہونے کا ثبوت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر ڈیجیٹل کا تاریخ ساز اقدام: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پہلے مرکزی ‘الیکشن پورٹل’ کا قیام

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ کمیٹی نے جگہ جگہ پوسٹر لگا کرجھوٹا پروپیگنڈا کیا، جتھہ بندی اور قانون توڑنے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بڑھاوا دیا جا رہا تھا۔

عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ، سکیورٹی فورسز نے ایک شخص گرفتار کیا ۔

پاکستان اور پاکستانی ایجنسی کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا ، مس انفارمیشن کے پورے نیٹ ورک کا تعلق بھارت سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر پوری قوم کو جوابدہ ہیں، شرپسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے ثبوت سب کے سامنے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور آزاد کشمیر: ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع

انہوں نے کہا کہ بے شمار بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ثبوتوں کے ساتھ سامنے آئے ہیں، ہر پوسٹ میں عوام کو ریاست کے خلاف اکسایا جا رہا تھا، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بھارت کے ساتھ ثابت ہو چکا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنگ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو پوری دنیا مانتی ہے، عسکری کے بعد سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے کامیابیاں حاصل کیں۔