میرپورآزاد کشمیر(کشمیر ڈیجیٹل)سندھ کے وزیر اطلاعات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما شرجیل انعام میمن نے آزاد کشمیر کے انتخابی ماحول پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پر سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔
میرپور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کو کرنا ہے اور کوئی بھی قوت ان کے حقِ رائے دہی پر اثرانداز نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی جماعتوں نے ماضی میں کشمیری عوام کی تضحیک کی جبکہ آج وہی جماعتیں انتخابات میں کامیابی کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے وفاقی وزراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی وزارتوں کے امور پر توجہ دینی چاہیے، آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلانا انکی ذمہ داری نہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد آزاد کشمیر پہنچی تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی وفاقی وزیر انتخابی عمل پر اثرانداز نہ ہو سکے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولنگ سے ایک روز قبل مختلف علاقوں میں بسوں اور دیگر سرکاری وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ کی بسوں سے کشمیریوں کا ووٹ نہیں خریدا جا سکتا ۔ کشمیری باشعور اور غیرت مند عوام ہیں، وہ ایسے ہتھکنڈوں میں نہیں آئیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنا کمال نہیں: شرجیل میمن ن لیگی قیادت پر برس پڑے
شرجیل انعام میمن نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ مبینہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفاقی وزراء کی انتخابی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی اور الیکشن کمیشن اس معاملے پر خاموش کیوں ہے۔
پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی آواز بلند کی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کشمیری عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور چھوٹی سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام ووٹ انہی جماعتوں کو دیں گے جنہوں نے ملک اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں جبکہ چند سیاسی عناصر مشکل وقت میں ملک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فارم 47 کی پیداوار کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے، شرجیل میمن
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مہاجرینِ مقیم پاکستان کی نشستوں سے متعلق ن لیگ کا مؤقف اور پروپیگنڈا حقائق پر مبنی نہیں۔ انہوں نے خواجہ آصف کے حوالے سے بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے متنازع بیانات کے باوجود انہیں نہ وزارت سے ہٹایا گیا اور نہ ہی پارٹی کی جانب سے کوئی کارروائی کی گئی۔




