فارم 47 کی پیداوار کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ فارم 47 کی پیداوار جماعت آج کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مظفر آبادجلسہ سے خطاب پر ردِعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کشمیری عوام جعلی نمائندگی کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں ، آئندہ بھی مسترد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر اتنا ہی عزیز ہے جتنا پنجاب، آزادکشمیر کا 10 گنا بجٹ بڑھائیں گے ،نوازشریف

انہوں نے کہاکہ فارم 47 کی پیداوار جماعت آج کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے، جو جماعت اپنے صوبے کے عوام کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھے اسے کشمیری عوام کے حقوق پر سیاست کرنے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔

شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے لاکھوں شہری بہتر علاج اور طبی سہولیات کے لیے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کا رخ کرتے ہیں، دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔

یاد رہے کہ مظفرآباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہاتھا کہ جن کے اپنے صوبوں کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں وہ آزاد کشمیر کی سڑکیں کیا بنائیں گے اور جن کے صوبوں میں وسائل کرپشن کی نظر ہوتے ہیں وہ آزاد کشمیر کو کیا وسائل دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز،نوازشریف کا جلسہ گاہ میں انتظار کرنیوالے چچا کو2کروڑ دینے کا اعلان

مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہاتھاکہ کچھ لوگ یہاں آکر تقریریں کر رہے ہیں، شکوے شکایت کررہے ہیں، الزام لگا رہے ہیں، میں احترام سے پوچھتی ہوں آپ کس کی شکایت کررہے ہیں؟ یہاں حکومت آپ کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا میں مظفرآباد مہمان بن کر نہیں آئی یہ آزاد جموں کشمیر میرا ہے، میں خون سے بھی کشمیری ہوں دل اور دماغ سے بھی کشمیری ہوں، میں روح سے اور نسلوں سے بھی کشمیری ہوں۔