آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل انتخابی سرگرمیاں اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق آج رات 12 بجے انتخابی مہم کا باقاعدہ اختتام ہو جائے گا، جس کے بعد کسی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت کو جلسے، ریلیاں یا دیگر انتخابی سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ انتخابی عمل شفاف اور منصفانہ انداز میں مکمل ہو سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا تحفہ، 10 الیکٹرک بسیں مظفرآباد پہنچ گئیں
پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور، کوٹلی اور بھمبر ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ اس سلسلے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
انتخابی مہم کے آخری روز مختلف سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے عوامی رابطہ مہم تیز کر دی۔ کئی علاقوں میں کارنر میٹنگز، انتخابی اجتماعات اور ریلیاں منعقد کی گئیں، جہاں امیدواروں نے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اپنی انتخابی مہم کو حتمی شکل دی۔
حکام کے مطابق پولنگ کے روز امن و امان برقرار رکھنے، ووٹرز کی سہولت، بجلی، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن، شفاف اور منظم انداز میں انجام دیا جا سکے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات مرحلہ وار منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا پہلا مرحلہ 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں مکمل ہوگا۔




