مریم نواز کا تحفہ، 10 الیکٹرک بسیں مظفرآباد پہنچ گئیں

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے شہریوں کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بڑی اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی جانب سے عوام کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے 10 جدید الیکٹرک بسیں مظفرآباد پہنچا دی گئی ہیں۔

الیکٹرک بسوں کی آمد کو پنجاب حکومت اور حکومتِ آزاد کشمیر کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی تعاون کا ایک اہم اور تاریخی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم نواز کا آزاد کشمیر کے لیے تاریخی پیکیج: 5 ہزار لیپ ٹاپس، 10 الیکٹرک بسیں اور 15 کلینکس آن ویلز دینے کا اعلان

اس منصوبے کے تحت مظفرآباد کے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

شہریوں خصوصاً خواتین اور فیملیز کو روزمرہ کی آمد و رفت کے لیے ایک محفوظ، پُرسکون اور سستی ٹرانسپورٹ دستیاب ہوگی۔

دارالحکومت کے اندر ٹریفک کے روایتی دباؤ کو کم کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظم کرنے میں مدد ملے گی۔

چونکہ یہ بسیں مکمل طور پر الیکٹرک ہیں، اس لیے ان کے چلنے سے دھوئیں اور شور کی آلودگی کا خاتمہ ہوگا، جس سے شہر کے قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: پیپلزپارٹی الیکشن آفس پر ن لیگی کارکنوں کا حملہ، توڑ پھوڑ،کارکن زخمی

ذرائع کے مطابق ان الیکٹرک بسوں کی آمد سے مظفرآباد میں شہری سفری سہولیات کے ایک بالکل نئے اور جدید دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے

الیکٹرک بسیں مظفرآباد پہنچنے پر شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔