اے آئی کے اثرات:نیدرلینڈز کا 25ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا پلان تیار

نیدرلینڈ(کشمیر ڈیجیٹل) نیدرلینڈ حکومت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 25 ہزار سرکاری ملازمیتں ختم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا۔

مصنوعی ذہانت نے دنیا بھر میں کام کرنے کے طریقوں کو تیزی سے تبدیل کیا ہے۔ تعلیم، طب، صنعت، کاروبار اور سرکاری اداروں میں اس کا استعمال بڑھ رہا ہے

لیکن اس کے ساتھ کئی ایسے خطرات بھی سامنے آ رہے ہیں جو مستقبل میں انسانی زندگی، روزگار اور معاشرتی نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق نیدرلینڈز حکومت کے تیار کردہ منصوبے کے تحت سرکاری ملازمین میں تقریباً 16 فیصد کی جائے گی۔

جبکہ اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

حکام کے مطابق منصوبے پر مکمل عمل درآمد کے بعد حکومت کو ساڑھے 3 ارب یورو کی بچت متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاق کیخلاف بیان بازی،فاروق حیدر اقتدار کے مزے لوٹ چکےاب ریٹائرہوجائیں،عوامی حلقے

جبکہ اس اقدام کا مقصد کم وسائل میں زیادہ مؤثر انداز میں سرکاری امور انجام دینا اور دفتری کارروائیوں میں غیر ضروری تاخیر کو کم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق حکومت کا بنیادی ہدف سال 2035 تک سرکاری اخراجات میں اربوں یورو کی بچت، دفتری امور میں تیزی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

نیدرلینڈز کے ریاستی سیکرٹری برائے مملکت ایرک وان ڈیر برگ نے کہا کہ مجوزہ اقدامات کے نتیجے میں صرف 2027 کے دوران 90 کروڑ یورو کی بچت ہوسکے گی۔
حکومت سرکاری اداروں کے انتظامی ڈھانچے کو زیادہ مؤثر بنانے اور افرادی قوت کی ضروریات کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

نیدرلینڈز کی حکومت کو توقع ہے کہ سرکاری امور میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے پیداواری صلاحیت میں 20 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اہل صحافت کے اعزاز میں تقریب،سردارتنویر الیاس کا گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش

جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دفتری کاموں کو خودکار بنانے، معلومات کی پراسیسنگ تیز کرنے اور انتظامی ذمہ داریاں کم وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

حکومت نے ایک سال کے دوران کم از کم 500 قوانین اور ضوابط ختم کرنے یا ان میں آسانیاں پیدا کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔

تاکہ سرکاری اداروں پر غیر ضروری انتظامی بوجھ کم کیا جاسکے اور شہریوں و کاروباری اداروں کے معاملات تیزی سے نمٹائے جاسکیں۔

اخراجات میں کمی کیلئے حکومت نے متعدد انتظامی اقدامات بھی تجویز  کئے ہیں۔
ان میں دفاتر میں دو ملازمین کیلئے ایک میز مشترک کرنے، اضافی سرکاری عمارتیں فروخت کرنے اور مختلف اداروں کے اطلاعاتی نظام کو یکساں معیار پر لانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ان اصلاحات سے سرکاری وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو گا اور انتظامی ڈھانچے کو زیادہ سادہ اور مؤثر بنایا جاسکے گا۔

نیدرلینڈز کا یہ منصوبہ سرکاری شعبے میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

حکومت جہاں ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکردگی اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کی توقع رکھتی ہے وہیں 25 ہزار ملازمتوں کے خاتمے کا امکان بڑھ گیا۔