آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بڑی سیاسی پیشرفت سامنے آئی جہاں استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم کانفرنس کے درمیان انتخابی اتحاد پر اتفاق ہوگیا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق کی ملاقات ہوئی جس کے بعد مختلف انتخابی حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے اصولی فارمولے کی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیرالیکشن:مرکزی مسلم لیگ ،کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کا آئی پی پی کی حمایت کا اعلان
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کا انتخابات کے بعد بھی مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا۔دونوں جماعتوں کی مشترکہ رابطہ کمیٹی امیدواروں کی حمایت کا حتمی اعلان جلد کرے گی۔
یادرہے کہ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مجاہد منزل میں صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان ملاقات کی تھی
دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر میں مرحلہ وارانتخابات کروانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیاتاہم یہ تجویز دی گئی کہ دنیا بھر میں جہاں بھی مرحلہ وائز انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے ان ممالک کی طرح یہاں بھی انتخابی نتائج کا اعلان مرحلہ وار کرنے کے بجائے انتخابی عمل مکمل ہونے پر ایک ساتھ کیا جائے۔
اس موقع پرچیئرمین یوتھ ونگ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عثمان عتیق، مسلم کانفرنس کے نامزد امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی کھائیگلہ پونچھ ڈاکٹر عرفان اشرف، سردار امتیاز شاہین، سابق امیدوار اسمبلی سردار منظور ایڈوکیٹ، سابق ڈی جی ہیلتھ سردار محمود خان، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید، ممبر میونسپل کارپوریشن باغ سردار شجاع منگول ایڈوکیٹ، سابق پولیٹیکل سیکرٹری سردار شبریز صابر، پیر عبدالقادر، سردار عفان عتیق، راجہ عبدالجبار اور سٹاف آفیسر سردار حفیظ خان موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں کے مابین کچھ گھنٹوں تک فارمولا طے پانے کا امکان ہے کون سے حلقے میں امیدوار دستبردار کراکرمشترکہ امیدوار لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: میرپور اور کوٹلی سے بڑی شمولیتیں، استحکامِ پاکستان پارٹی کی سیاسی پوزیشن مستحکم
استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم کانفرنس کے مابین اتحاد سے دونوں سیاسی پارٹیوں کی پوزیشن مستحکم ہونے کا امکان ہے۔
قبل ازیں وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز و ایڈیشنل سیکرٹری جنرل استحکام پاکستان پارٹی عون چوہدری سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ اور جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے وفد نے ملاقات کرکے بھی استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔




