آزادکشمیر انتخابات، ن لیگ نے ایم کیو ایم سے حمایت مانگ لی

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر انوشہ رحمان، کھیل داس کوہستانی اور توصیف شاہ شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:فارم 47 کی پیداوار کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے، شرجیل میمن

ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت چیئرمین و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی، وفد میں امین الحق، فرحان چشتی، زاہد ملک اور شاہ فیصل بھی شامل تھے۔

دونوں جماعتوں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال اور آزاد جموں کشمیر الیکشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایم کیو ایم سے آزاد جموں کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کی درخواست کی جس پر ایم کیو ایم نے اپنی پارٹی سے مشاورت کرنے کیلئے کچھ وقت مانگ لیا۔

مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم نے سیاسی رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ سابق ادوار میں کراچی سےمہاجرین جموں وکشمیر کی دو نشستیں متحدہ قومی موومنٹ نے بھی جیتی تھیں اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اب بھی ان نشستوں پر اثر رسوخ استعمال کرکے ووٹ دلوا سکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی کوشش ہے کہ مہاجرین نشستوں پر زیادہ سے زیادہ محنت کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز،نوازشریف کا جلسہ گاہ میں انتظار کرنیوالے چچا کو2کروڑ دینے کا اعلان

پنجاب میں مہاجرین کی نشستوں پر کامیابی کیلئےمسلم لیگ(ن) نے سابق وزیر حکومت وسینیر ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کو آگے کیا ہوا ہے جو بھرپور انداز میں مہم چلا رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کی تھی جس کا جواب مریم نواز نے گزشتہ روز مظفرآباد جلسہ میں دیا ہے جس کے بعد سیاسی ماحول گرم ہو گیا۔