سعودی عرب نے ایک سالہ ملٹی پل عمرہ ویزہ متعارف کرا دیا، شرائط کیا ہونگی؟

سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے اللہ کے مہمانوں کی سہولت کے لیے پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نئی سہولت کا آغاز کردیا ہے۔

سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے ملٹی پل عمرہ ویزہ متعارف کرایا ہے، یہ ویزہ، اجرا کی تاریخ سے 365 دن کے لیے ہوگا جبکہ قیام کی انتہائی حد 90 روز ہوگی اور متعدد مرتبہ مملکت میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمرہ زائرین کی تعداد میں پاکستان صفِ اول پر ، رواں سیزن میں 22 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ

ایس پی اے کے مطابق وزارت کا کہنا ہے ’ملٹی پل عمرہ ویزہ، ضیوف الرحمان خدمت پروگرام اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے جس کا مقصد زائرین کی آمد کو آسان اور خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

ملٹی پل عمرہ ویزے کے ضوابط کے حوالے سے وضاحت میں کہا گیا کہ ’ملٹی پل عمرہ ویزہ ہولڈر کو حج سیزن میں یکم ذی القعدہ سے 13 ذی الحجہ تک مملکت آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ویزے کا اجرا ’نسک‘ پورٹل پر رجسٹرڈ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے ’سروسز پیکیج‘ لینے سے مشروط ہوگا، جو عمرہ زائر کے قیام کی مدت کے مطابق ہو۔

عمرہ سروسز پیکیج کنفرم کرنے کے بعد ویزے کی درخواست دی جائے گی۔ عمرہ زائر کو ’نسک‘ پورٹل پر عمرہ پرمٹ جاری کرانا ہوگا۔

بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ ویزا ہر بار سعودی عرب سے روانگی کے بعد خودکار طور پر غیر فعال ہوجائے گا اور اگلے سفر سے پہلے تمام شرائط پوری ہونے پر دوبارہ فعال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کا عمرہ زائرین کیلئےنئی کیٹرنگ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ

واضح رہے کہ اس نئی سہولت سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرے کے لیے زیادہ بہتر سفری منصوبہ بندی کا موقع ملے گا جبکہ ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے معتمرین کو بہتر اور تیز رفتار سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔