نشانات

ملازمین کے ووٹوں کی گنتی 27جولائی انتخابات کے بعد ہوگی،الیکشن کمیشن

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 27 جولائی 2026 کو عام انتخابات کے روز ہر انتخابی حلقے میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر سرکاری ملازمین کی ووٹنگ کے نتائج کے حوالے سے گردش کرنے والی خبریں اور دعوے بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات 27 جولائی کو ہی ہوں گے، کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، چیف الیکشن کمشنر

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری معلومات پر اعتماد کریں ۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن اپنے امیدواروں کے حوالے سے بنیاد فہرستیں شیئر کررہے کہ ملازمین کے ووٹوں کی گنتی میں ہمارے امیدوار نے اتنے ووٹ لے لئے ہیں جس پر اب الیکشن کمیشن کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزراولاکوٹ اور سدھنوتی کے علاوہ الیکشن میں ڈیوٹی کرنیوالے ملازمین کیلئے پولنگ کا انعقاد کیا گیا جو پرامن انداز میں مکمل ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں کشمیر جسٹس( ر) غلام مصطفیٰ مغل، سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان نے دارلحکومت مظفرآباد میں قائم علی اکبر اعوان ہاںٔی سکول، سہیلی سرکار سکول، یونیورسٹی کیمپس چہلہ بانڈی اور ڈگری کالج پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نےسرکاری ملازمین کی پولنگ اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 27 جولائی کو اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:فاروق حیدر پرانے حریف چوہدری شہزاد کی الیکشن مہم چلانے لچھراٹ پہنچ گئے

انتخابات کےلیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کسی بھی صورت الیکشن پراسس سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے سیکورٹی کے مکمل اور معقول انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی پولنگ کا مرحلہ پرامن طور پر مکمل کر لیا گیا ہے اسی طرح 27 جولائی کو عام انتخابات کے دن بھی پولنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ آج سرکاری ملازمین نے بھرپور انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔