حج

حج 2027،پرائیویٹ سکیم کے تحت 80 فیصد نشستوں کی بکنگ مکمل،57ارب50کروڑ جمع

سرکاری حج اسکیم کے تحت بکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ حج اسکیم میں درخواستوں اور بکنگ کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔ اب تک پرائیویٹ حج اسکیم کی 80 فیصد نشستوں پر بکنگ مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تقریباً 15 ہزار نشستیں اب بھی دستیاب ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند عازمین نے واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کروا دئیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دوسری قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے کا اعلان

ترجمان نے بتایا کہ جمع کرائی گئی رقم میں سے 30 ارب روپے ون لنک پی ایس آئی ڈی (PSID) اور بینک کارڈز کے ذریعے ادا کئے گئے جبکہ 27 ارب 50 کروڑ روپے مینول بینک چالان کے ذریعے جمع کروائے گئے ہیں۔

 وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ رواں سال پاک حج ایپ اور حج ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب تمام پرائیویٹ حج پیکیجز میں قربانی کے اخراجات پہلے ہی شامل کئے گئے ہیں، جن کی مالیت 55 ہزار روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق عازمین حج اگر کسی اضافی سہولت کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں تو اس کا انتخاب اور متعلقہ ادائیگی بھی صرف حج ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج کی ادائیگی کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقی رہ جانے والی نشستوں پر جلد از جلد اپنی بکنگ مکمل کر لیں۔

وزارت کے مطابق عازمین حج بکنگ کے لیے پاک حج موبائل ایپ یا حج ڈیجیٹل پورٹل استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانیوں کے لیے سود سے پاک ‘حج سیونگ پلان’ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل

ترجمان نے خبردار کیا کہ حج واجبات کی ادائیگی صرف سرکاری حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے۔ عازمین کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم ادا نہ کریںکیونکہ اس نوعیت کے کسی بھی مالی لین دین کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور پر عائد نہیں ہوگی۔

وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرائیویٹ حج کی بکنگ اور واجبات کی ادائیگی 20 نومبر سے قبل مقررہ ڈیجیٹل ذرائع سے مکمل کریں تاکہ مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے اور حج انتظامات بروقت مکمل کئے جا سکیں۔