سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت روزانہ کی لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس میں شامل کیا جائیگا۔ ابتدائی مرحلے میں اس نظام کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر سے تعلق رکھنے والے زائرین پر ہوگا۔
ابتدائی مرحلہ اور اطلاق:
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس نئے نظام کا نفاذ ممکنہ طور پر یکم ربیع الاول سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں اس پالیسی کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر سے آنیوالے عمرہ زائرین پر کیا جا رہا ہے، تاہم بعد میں اس کا دائرہ کار دیگر ممالک تک بھی وسیع کر دیا جائے گا۔
فیس کی تفصیلات اور طریقہ کار:
نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر سے ’’نسک میل واؤچر‘‘ کی مد میں روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال وصول کیے جائیں گے۔ اس واؤچر کی کل مالیت کا تعین زائر کے مکہ اور مدینہ میں قیام کے دورانیے (دنوں کی تعداد) کے حساب سے کیا جائے گا، اور ویزا کے اجرا سے قبل اس رقم کی تصدیق لازمی ہوگی۔
بی آر این میل کوڈ کا اجراء:
نئے طریقہ کار کے مطابق، ویزا جاری ہونے سے پہلے ہر زائر کو ایک منفرد ‘BRN میل کوڈ’ فراہم کیا جائے گا جو ان کے ویزا کے ساتھ منسلک ہوگا۔ زائرین اپنے قیام کے دوران نسک ایپ سے منسلک 10 ہزار سے زائد منظور شدہ ریستورانوں میں سے کسی بھی جگہ یہ کوڈ دکھا کر اپنا کھانا حاصل کر سکیں گے۔
ٹریول ایجنسیوں کیلئے اہم ہدایات:
سعودی حکام نے عمرہ ٹریول ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اب اپنے پیکیجز کی تیاری میں کیٹرنگ کی اس لاگت کو لازمی شامل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے متعلقہ کیٹرنگ پارٹنرز نسک پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہوں۔ اگر ٹریول ایجنسیاں اس طریقہ کار پر عمل نہیں کریں گی تو زائرین کے عمرہ ویزا کے اجرا میں تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔




