امریکا کے ایران پر ساتویں رات بھی حملے،اہواز،یزد میں دھماکے

امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹ کام) نے ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات حملے شروع کردیئے جس کے بعد اہواز، یزد میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈکا کہنا ہے کہ آج ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات حملوں کا ایک اور مرحلہ شروع کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جوابی کارروائی ، ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

بیان کے مطابق یہ حملے کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایرانی فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنے کے لیے کئے جا رہے ہیں۔

امریکی فوج نے کہاکہ ایرانی بندرگاہوں پر ناکہ بندی کے 3 دنوں میں 4 تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کرایا جبکہ ایک کو ناکارہ بنایا گیا۔

ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کے جنوبی شہر اہواز پر امریکا نے میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ وسطی ایران کے شہر یزد میں بھی 5 دھماکے سنے گئے ہیں۔

ادھریرانی خبر رساں ایجنسی فارس سے گفتگو کرنے والے ایک ایرانی عہدیدار کے مطابق امریکی فورسز نے ایران کے خارگ جزیرے کے قریب کھڑے ایک ایرانی آئل ٹینکر پر 2 روز میں دوسری بار حملہ کیا ہے۔

بوشہر کے ڈپٹی گورنر نے ایرانی خبر ایجنسی کو بتایا کہ خالی آئل ٹینکر ’بیلما این آئی 22‘، جسے دو روز قبل نشانہ بنایا گیا تھا، آج دوبارہ امریکی 2 میزائلوں کا نشانہ بنا۔

دوسری طرف ایرانی فوج نے شمالی بحرِ ہند میں امریکی بحری جہاز پر کروز میزائل سے حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی حملے جاری رہے تو بھرپور جوابی کارروائی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی فوج کے چھٹی رات بھی ایران پر حملے، ایئرپورٹس، ریلوے سٹیشن، مواصلاتی نظام نشانہ

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیرمحسن رضاعی نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران میں مزید حملے کیے تو جنگ کا رخ بدل سکتا ہے، جنگ میں دفاعی نہیں، جارحانہ حکمتِ عملی اختیار کر سکتے ہیں، چند روز مزید حملے ہوئے تو مکمل جارحانہ آپریشن شروع ہوگا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین میں امریکی ڈرونز کے ڈپو کو نشانہ بنانے کابھی دعویٰ کیا ہے۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ بحرین کے مصنوعی ذہانت کے مرکز کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون سے تباہ کردیا۔