پاکستان کے نامور مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک منٹ میں 10 کلوگرام وزن کے ساتھ 38 مکمل ون ہینڈ پنچز لگا کر ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے عرفان محسود کے کارنامے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چینی انسان نما روبوٹ لائٹننگ نے یوسین بولٹ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، ویڈیو وائرل
جاری کردہ سرٹیفکیٹ کے مطابق انہوں نے یہ ریکارڈ 19 مارچ 2026 کو ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عرفان محسود نے بتایا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے 30 پنچز کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم انہوں نے مقررہ ہدف عبور کرتے ہوئے ایک منٹ میں 38 پنچز لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
عرفان محسود کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی سخت تربیت، مسلسل محنت اور بھرپور توجہ کا نتیجہ ہے۔
مارشل آرٹسٹ اس سے قبل بھی متعدد عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔ صرف پش اپس کی کیٹیگری میں ان کے عالمی ریکارڈز کی تعداد 70 تک پہنچ چکی ہے، جو اس ڈسپلن میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف اسٹنٹ مین سلطان محمد گولڈن نے ریورس ریمپ جمپ میں نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا
عرفان محسود 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بھی مختلف عالمی ریکارڈز قائم کر چکے ہیں۔ وہ امریکا، بھارت اور جرمنی سمیت 20 سے زائد ممالک کے ایتھلیٹس کے ریکارڈ توڑ کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر چکے ہیں۔




