مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ اپر نیلم میں سیاسی سرگرمیاں دن بدن عروج پر، امیدوار عابد افضل بٹ نے ن لیگی صدر شاہ غلام قادر کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادرحلقے سے غائب ۔۔حلقے کی عوام کی بڑی تعداد عابد افضل بٹ کے قاقفلے میں شمولیت اختیار کرنے لگی۔۔
مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے عابد افضل بٹ پر اعتماد کا اظہار بھی جاری ہے۔فائزہ خان سمیت درجنوں سیاسی رہنما ، کارکن قافلے میں شامل ہوگئے ۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ کونسلر فائزہ خان نے عابد افضل بٹ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔ا
س موقع پر منعقدہ تقریب میں مسلم کانفرنس کے کارکنان، مقامی عمائدین، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران فائزہ خان کا پارٹی میں پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ شرکاء نے اس شمولیت کو مسلم کانفرنس کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تنویر الیاس کے قافلے پر شرپسندوں کا حملہ،گارڈ جاں بحق، متعدد افراد زخمی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد افضل بٹ نے فائزہ خان کو مسلم کانفرنس میں خوش آمدید کہا اور ان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ فائزہ خان اس فیصلے سے فخر محسوس کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی میں شامل ہونے والے ہر فرد کو عزت اور احترام دیا جاتا ہے۔عابد افضل بٹ نے کہا کہ نیلم ویلی کے عوام اس مرتبہ ترقی، خدمت اور مقامی قیادت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے انہیں کامیاب بنایا تو سب سے پہلے نیلم ویلی کی محرومیوں کے خاتمے اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق علاقے میں بہتر سڑکوں، صحت، تعلیم، سیاحت، روزگار اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ نیلم ویلی ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیلم ویلی کے عوام باشعور ہیں اور اس بار وہ کسی ایسے امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے جس کا علاقے سے عملی تعلق نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب ایسے نمائندے چاہتے ہیں جو ان کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سے آگاہ ہوں اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیلم ویلی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ یہاں کے عوام اپنی مرضی اور شعور کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔عابد افضل بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے دولت کے بل بوتے پر عوامی رائے کو متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اب ووٹ کی طاقت کو سمجھتے ہیں اور کسی بھی قسم کے دباؤ یا لالچ میں آئے بغیر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیلم ویلی کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا جمہوری اور آئینی انداز میں احتساب کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حلقہ 4 ،مبشر منیر اعوان کا تگڑا وار، درجنوں مخالفین پیپلز پارٹی کے قافلے میں شامل
انہوں نے اپنے مرحوم والد محمد افضل بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے اپنی پوری سیاسی زندگی نیلم ویلی کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد افضل بٹ مرحوم نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
عابد افضل بٹ نے کہا کہ وہ اپنے والد کے اسی مشن کو آگے بڑھائیں گے اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔
ڈسٹرکٹ کونسلر فائزہ خان نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عابد افضل بٹ کی دیانت داری، عوامی سوچ اور قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیلم ویلی کے عوام کو ایک ایسے نمائندے کی ضرورت ہے جو علاقے کے مسائل کو بہتر انداز میں سمجھتا ہو اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر سکے۔
فائزہ خان نے کہا کہ وہ مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے نیلم ویلی کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی ، خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلیں گی۔




