مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)سپیشل سیکرٹری داخلہ آزاد کشمیر چوہدری گفتار حسین اور ترجمان آزاد کشمیر پولیس ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ کئی روز سے آزاد جموں و کشمیر کے امن، استحکام اور ریاستی رٹ کو متاثر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
سپیشل سیکرٹری داخلہ آزاد کشمیر چوہدری گفتار حسین نے کہا کہ عوامی حقوق کے نام پر احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر اشتعال انگیزی، دباؤ، بلیک میلنگ، پروپیگنڈے اور خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے خواتین، معصوم بچوں، اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کو انسانی ڈھال بنانا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانیہ، افواجِ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور شاہراہیں بند کرکے عوام کی نقل و حرکت متاثر کی جا رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شاندار پورٹریٹ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی
ریاست امن و امان، قانون کی بالادستی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
سپیشل سیکرٹری داخلہ آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلح شرپسند جتھے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر ڈائریکٹ فائرنگ کرتے ہیں تاکہ حالات کو کشیدہ بنایا جا سکے۔ انہوں نےکہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو مقررہ وقت پر ہوں گے ۔۔
حکومت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح اور پرتشدد جتھوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر ترجمان آزاد کشمیر پولیس ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کی فائرنگ کے بعد سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیوز میں نظر آنے والے مسلح افراد کو سویلین لباس میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار ظاہر کرنے کی اوچھی اور مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا انتہائی حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر لیک، سیکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان
ترجمان پولیس نے کہا کہ فائرنگ، حملوں اور ریاستی اہلکاروں سمیت شہریوں کے جانی نقصان سے متعلق شواہد سامنے آنے کے بعد کالعدم کمیٹی کی جانب سے حقائق مسخ کرنے جیسے ہتھکنڈے کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے متعدد سرغناؤں اور کارکنوں سے اسلحہ برآمد، درجنوں ویڈیوز اور تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم کمیٹی کے سرغنہ عوام کو مشتعل کرکے خود غائب ہو جاتے ہیں۔
کوٹلی تراڑکھل شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت معطل کی گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ بیٹھک بلوچ کے مقام پر مسلح جتھوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل عاقب شہید جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کا ایک اہلکار، محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے دو ملازمین اور آزاد کشمیر پولیس کے آٹھ اہلکار زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ علی الصبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شجاع آباد کوٹیرہ شاہراہ پر قائم تمام رکاوٹیں ہٹا کر آمدورفت کے لیے بحال کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی۔




