بھارت میں قید 25پاکستانی شہری رہا، وطن واپس پہنچ گئے

نئی دہلی: بھارت میں مختلف وجوہات کی بنا پر قید 25 پاکستانی شہریوں کو رہائی کے بعد واہگہ اٹاری بارڈر کے راستے وطن واپس پہنچا دیا گیا۔

پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے موقع پر ہائی کمیشن کے حکام سرحد پر موجود تھے اور انہوں نے واپسی کے عمل کو مکمل کرنے میں ضروری سہولت فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی قید، ملاقاتوں، طبی سہولیات سے متعلق الزامات مسترد، سی این این کو تفصیلات ارسال

ترجمان پاکستان ہائی کمیشن نے بتایا کہ بھارت میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے معاملے پر حکومت پاکستان مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

رہائی پانے والے 25 پاکستانی شہریوں کو ضروری قانونی اور سفارتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اٹاری، واہگہ سرحد کے ذریعے پاکستان منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:61 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہونے کا انکشاف

ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے قانونی و سفارتی معاملات کی پیروی جاری رکھے ہوئے ہے۔

ہائی کمیشن کی جانب سے قیدیوں کی وطن واپسی کے عمل میں متعلقہ بھارتی حکام کے ساتھ رابطہ اور ضروری معاونت فراہم کی گئی۔

پاکستان ہائی کمیشن نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں:چائنا ایور گرینڈ گروپ کے بانی کو عمر قید، کمپنی پر 1.31 ارب ڈالرز جرمانہ اور تمام اثاثے ضبط

ترجمان نے کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستانی شہریوں کے حقوق اور ان کی وطن واپسی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

25 پاکستانی شہریوں کی رہائی اور واپسی سے ان کے اہل خانہ میں بھی اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے قیدیوں کے دیگر معاملات پر بھی سفارتی سطح پر پیش رفت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔