ہاکی نیشنز کپ،پاکستان انڈر21 کی بیلاروس کو شکست دے کر پہلی شاندار فتح

روس کے شہر کازان میں جاری ہاکی نیشنز کپ 2026میں پاکستان وائٹ ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بیلاروس انڈر 21 کو 1-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح درج کر لی ہے۔

اس سے قبل افتتاحی میچ میں قومی ٹیم نے بیلاروس سینیئر کے خلاف بھی بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے میچ 4-4 سے ڈرا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقا کو شکست ،پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈکپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی

کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور حریف ٹیم کو مکمل دباؤ میں رکھا۔

قومی ٹیم کے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے بہترین مووز بناتے ہوئے ایک ایک گول اسکور کیا اور پاکستان کی اس شاندار کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے باعث بیلاروس انڈر 21 کی ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں ملا۔

ایونٹ میں پاکستان وائٹ کا آغاز خاصا متاثر کن رہا ہے، جہاں پہلے میچ میں ان کا ٹکراؤ بیلاروس کی سینیئر ٹیم سے ہوا تھا۔ اس سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے میں نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں نے سینیئر حریف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میچ 4-4 گول کی برابری پر ختم ہوا۔

اس افتتاحی میچ میں ابوزر، عثمان اشرف، سعد اور یاسر خان نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔

ہیڈ کوچ اولمپین کامران اشرف کی زیرِ نگرانی قومی ٹیم کے حوصلے اس فتح کے بعد مزید بلند ہو چکے ہیں اور وہ آئندہ کڑے مقابلوں کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہاکی ورلڈکپ : پاکستان کی 16سال بعد پہلی کامیابی، جاپان کو شکست

ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان وائٹ کی ٹیم 30 اگست کو ایک بار پھر بیلاروس کے مدِ مقابل ہو گی، جس کے بعد 31 اگست کو اس کا ٹکراؤ سمرقند سٹی سے ہو گا۔

ایونٹ کے ایک اور انتہائی اہم میچ میں قومی ٹیم یکم ستمبر کو میزبان روس کی قومی ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔