مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح دارالحکومت مظفرآباد میں کر دیا گیا۔ افتتاح اسپیکر قانون ساز اسمبلی، امیدوار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ چوہدری لطیف اکبر، وزیر حکومت سردار جاوید ایوب، امیدوار اسمبلی مختیار عباسی اور مبشر منیر اعوان نے مشترکہ طور پر کیا۔
افتتاحی تقریب میںقائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کی آمد پر کارکنوں نے شاندار استقبال کیا جبکہ جئے بھٹواورجئے پیپلز پارٹی کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ مرکزی الیکشن آفس کو پارٹی پرچموں، بینرز اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں: سردار تنویر الیاس بائی ڈیزائن دوسری جماعت میں گئے، لطیف اکبر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یہ انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ اچھل کود کرنے والے گلگت بلتستان کے نتائج دیکھ لیں، جہاں مسلم لیگ (ن) تیسرے نمبر پر رہی ۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے۔ آج اگر دنیا میں کوئی کشمیر کی بات کر رہا ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپنی ذمہ داری نبھائی اور صرف ایک تقریر پر گلگت کے عوام نے اپنے ووٹ پاکستان پیپلز پارٹی کی جھولی میں ڈال دیئے۔ کشمیر کاز کو اگر آج کوئی موثر انداز میں آگے لے کر چل رہا ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں ۔
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کیا جس طرح بلاول بھٹو زرداری نےعالمی فورمز پر کشمیریوں کی نمائندگی کی، اس طرح کسی اور نے نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ڈٹ کر دنیا بھر میں کشمیر کی وکالت کر رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے بنیادی دستاویز اور منشور میں مسئلہ کشمیر شامل ہے کیا کوئی اور جماعت ہے جو مسئلہ کشمیر کو بنیاد بنا کر وجود میں آئی ہو۔
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ معافیاں مانگ کر ملک سے فرار ہونے والے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ہم نے مارشل لا کے ادوار میں بھی سیاست کی، انتخابات بھی جیتے اور ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ پیپلز پارٹی کا کارکن ہر حالات میں سیاست کرنا اور الیکشن لڑنا جانتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کو جھٹکا، اثاثے چھپانے پر گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن فدا محمد نشاد نااہل قرار
انہوں نے اعلان کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 23 جولائی کو مظفرآباد کی عوام سے خطاب کریں گے، کشمیریوں سے اپنی بات بھی کریں گے اور ان کی بات بھی سنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں تاریخی جلسہ ہوگا اور جلسیاں کرنے والوں کو بتایا جائے گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے اور جلسے کیسے کئے جاتے ہیں۔
چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ 23 جولائی کا دن ثابت کرے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق وقت پر ہوں گے، اس لیے کوئی کارکن قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دے، ہماری تمام تر توجہ صرف انتخابات پر ہونی چاہیے۔




