نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے )نے ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران متوقع بارشوں کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال کی کڑی نگرانی کرنے کے احکامات جاری کر د ئیے ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، کل سے ملک کے مختلف حصوں میں موسم تبدیل ہونے جا رہا ہے، جس کیساتھ ہی بارانِ رحمت کا ایک نیا اور فعال سلسلہ شمالی پاکستان میں داخل ہوگا۔ یہ موسمی نظام 7 سے 10 جولائی تک ملک کے طول و عرض میں اثر انداز رہے گا۔
اس نئے سسٹم کے تحت کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب کے اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی نوید، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
ترجمان این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اس بارش کے نتیجے میں دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت ان سے جڑے بالائی اور ملحقہ علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کا امکان ہے۔ بارشوں سے دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی آمد تو بڑھے گی، تاہم فی الوقت کسی بڑے پیمانے کے دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔
ادارے نے پہاڑی علاقوں کے حوالے سے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ (مٹی کے تودے گرنے) کا خطرہ ہے، اس لیے پہاڑی مقامات پر انتہائی احتیاط برتی جائے۔
علاوہ ازیں پہاڑی اور برساتی ندی نالوں میں تغیانی کا اندیشہ ہے، جس کی وجہ سے حساس اور نشیبی علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور پانی جمع ہو سکتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک میں کہاں کہاں بارش ہوگی؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا، الرٹ بھی جاری
ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بڑے شہروں کے نشیبی علاقے بھی زیرِ آب آ سکتے ہیں، لہٰذا تمام شہری کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




