آزاد جموں و کشمیر بھر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 5 جولائی کو دی گئی ہڑتال کی کال کو شہریوں نے واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی نام نہاد “تحریک” کا اب کوئی وجود باقی نہیں رہا اور ریاست کے غیور عوام نے اپنے اجتماعی فیصلے سے اسے بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔ میرپور سمیت ریاست بھر میں روزمرہ معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں، تمام کاروباری مراکز اور بازار کھلے ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی پوری طرح بحال ہے۔
اس حوالے سے عام شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کال دراصل کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں اور انتشار پھیلانے کی ایک اور مذموم کوشش تھی۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ عوام جھوٹی افواہوں پر بالکل دھیان نہ دیں اور اپنے کاروباری معاملات معمول کے مطابق جاری رکھیں۔ شہریوں کے مطابق ریاست بھر میں تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں اور عوام اپنی روزمرہ زندگی میں مصروف ہیں، جبکہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی سابقہ سرگرمیوں سے ریاست کو پہلے ہی شدید معاشی اور سماجی نقصان پہنچ چکا ہے۔ شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام انتشار اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے امن، استحکام اور ترقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام نے فساد اور ہڑتالوں کی اس مخصوص سیاست کو اب پوری طرح پہچان لیا ہے اور تمام فریقین کو یہ صاف اور دوٹوک پیغام دے دیا ہے کہ انہیں پہیہ جام ہڑتالیں، شٹ ڈاؤن، بندشیں اور کاروبار کی تباہی کسی صورت منظور نہیں، بلکہ وہ صرف اور صرف امن، استحکام اور معاشی ترقی چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چوک شہیداں میں جلسہِ امن؛ فضا پاکستان، کشمیر اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی
آزاد کشمیر میں انتخابی گہما گہمی عروج پر:
دوسری جانب، ہڑتال کی ناکامی کے بعد آزاد کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں میں سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں اور عوام اپنے جمہوری و آئینی حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے بے حد پُرجوش نظر آتے ہیں۔ مختلف انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے بڑے انتخابی جلسوں، کارنر میٹنگز اور بھرپور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ان انتخابی جلسوں اور مختلف سیاسی اجتماعات میں سیاسی کارکنوں اور عام عوام کی بہت بڑی تعداد پورے جوش و خروش کے ساتھ شریک ہو رہی ہے۔
جلسوں کے دوران شرکا کا جذبہ دیدنی ہے اور انتخابی ماحول کے باعث پوری فضا “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کے فلک شگاف نعروں سے مسلسل گونج رہی ہے۔ امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف حلقوں کے طوفانی دورے کیے جا رہے ہیں اور عوامی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ ریاست کے مستقبل کا فیصلہ اب سڑکوں کے احتجاج یا دھرنوں سے نہیں، بلکہ بیلٹ باکس اور ووٹ کی حقیقی طاقت سے ہوگا۔ اب یہ فیصلہ پوری طرح عوام کے ہاتھ میں ہے کہ وہ کس امیدوار پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور کامیابی کا تاج کس کے سر سجاتے ہیں۔
آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی کال کو واضح طور پر مسترد کر دیا، میرپور سمیت مختلف اضلاع میں صورتحال پرامن ہے اور تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ pic.twitter.com/75AEPYFtku
— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) July 5, 2026




